کاسرگوڈ12/دسمبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب ایلکانہ نامی مقام پررہنے والے عمر رسیدہ جوڑے کے گھر پر آدھی رات کو کسٹمز آفیسرز کے روپ میں ایک پانچ رکنی ٹولی نے چھاپہ مارا، اور 69ہزار روپے نقدی کے علاوہ ایک سیل فون لے کر رفو چکر ہوگئے۔
پولیس میں درج کی گئی شکایت کے مطابق بڈی اڈکا کے ایلکانہ میں واقع اس مکان میں صرف نارائن رائے اوراس کی بیوی دونوں ہی رہتے ہیں۔ آدھی رات کے وقت پانچ بندوق بردارافراد پر مشتمل ٹولی اپنے آپ کو کسٹم کے افسران بتاتے ہوئے ان کے گھر میں داخل ہوئی۔ پھربندوق کی نوک پر ہی پورے گھر میں تلاشی لیتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی اطلاع ملی ہے کہ نارائن رائے نے بینک سے بہت بڑی رقم نکالی ہے۔ تلاشی کے دوران ان کے ہاتھ ایک بکس لگا جس میں 80گرام سونے کے زیورات موجود تھے۔ لیکن انہوں نے زیورات دیکھنے کے بعد واپس لوٹا دئے۔ مگر وہاں پر موجود 69ہزار روپے نقدی اور ایک موبائل فون اپنے ساتھ لے گئے۔
نارائن رائے کا کہنا ہے کہ جعلی کسٹمز کی اس ٹولی میں سے تین لوگ ہندی میں بات چیت کر رہے تھے جبکہ باقی دو کنڑا بول رہے تھے۔پولیس نے معاملہ درج کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔